میڈرڈ(آن لائن) عظیم باکسر محمد علی کو جہاں دنیا بھر سے خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں حال ہی میں ہونے والے کھیلوں کے مختلف مقابلوں کے دوران بھی کھلاڑیوں نے محمد علی کوخراج عقیدت پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن میں شکست کے بعد اینڈی مرے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظیم باکسر محمد علی کو خراج عقیدت پیش کیا اور فائنل ہارنے کے باوجود لوگوں کے دل جیت لیے۔ برمنگھم کی ڈائمنڈ لیگ میں محمد علی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شائقین نے دوڑ شروع ہونے سے پہلے عظیم باکسر کی عظیم تصویر دیکھ کر تالیاں بجا ئیں۔برمنگھم میں ہی طویل دوڑ کے عالمی چیمپئن محمد فراح نے چونتیس سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی اور ریس کے اختتام پر مکے لہرا کر محمد علی سے اپنی محبت کا اظہارکیا۔ ادھر امریکی ایتھلیٹ جسٹن گیٹلن نے ریوڈی جنیرو میں ہونے والی سالانہ دوڑ جیتنے کے بعد محمد علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔انگلش گالفر نک فالڈو نے محمد علی کے ساتھ دو ملاقاتوں کو ٹوئٹر پر فخر سے بیان کیا۔ محمد علی ایک بار ان سے لندن میں ملے اور دوسری بار فالڈو نے رائیڈر کپ میں شرکت کے لیے محمد علی کے آبائی شہر لوئیس ویل کا دورہ کیا تھا۔