ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے کہا ہے کہ پاکستانی اور ہندوستانی آپس میں بھائی بہن ہیں اور میں پاکستان آنے کا موقع ضائع نہیں کروں گا۔بالی ووڈ اسٹار انیل کپور نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے دعوت دی گئی تو میں پاکستان ضرور آؤں گا اور شاید میں جلد آؤں، انکا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں اور یہ سچ بھی ہے کہ میں وہاں آنے کے لئے ترس رہا ہوں۔انیل کپور نے مزید کہا کہ میں بہت خوشی محسوس کرتا ہوں ، جب پاکستانی میری فلم دیکھتے اور پسند کرتے ہیں،ہم سب بھائی بہن ہیں، میں صرف ایک فنکار ہوں اور لوگوں کیلئے تفریح و طبع مہیا کرنا میرا کام ہے، چاہے وہ پاکستانی ہوں یا ہندوستانی ہوں ہمارے لئے تو سب ایک ہے۔انھوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے جب پاکستانی اور ہندوستانی مشترکہ فلم پروڈکشن پر کام شروع کریں، اور ہندوستانی پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو پڑوسی ملک میں فلمیں بنانے کی اجازت دی جائے۔انیل کپور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پاکستان مخالف بھارتی فلموں پر پابندی عائد ہے، سینسر بورڈ کو فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے تھوڑا لبرل ہونے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل ہریتک روشن ، رنبیر کپور اور رشی کپور بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔