لندن(آن لائن)پاکستانی آل راونڈر شاہد آفریدی اور ویسٹ انڈین آل راونڈر ڈیرن سمی نے انگلینڈ میں جاری نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹونامنٹ کے فارمیٹ پر سخت تنقید کی ہے۔ اس سے پہلے انگلش وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر بھی اس کے فارمیٹ کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔دونوں کے اس بیان نے انگلش کرکٹ پر نئی بحث کو جنم دیدیا ہے۔ آفریدی اور سمی دونوں ہمشائر کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ ان دونوں نے ٹورنامنٹ کی طوالت پر تنقید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ تین ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہتا ہے جس سے کھلاڑی اور شائقین دونوں ہی اکتا جاتے ہیں۔ ایک ٹیم کو ایک ہفتے میں ایک میچ ہی ملتا ہے۔ اگر دو میچ ایک ہفتے میں مل جائیں تو یہ آپکی خوش قسمتی ہوگی۔ سمی نے اس موقع پر طنزیہ انداز میں کہا کہ میرے پاس اتنا وقت ہے کہ میں کسی جم میں داخلہ لے لوں اور وہاں ورزش کروں۔آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ میرا دوسرا گھر ہے میں نے ہمیشہ یہاں کھیل کر انجوائے کیا۔ میں نے آفیشلز سے بھی بات کی ہے۔یہ کافی مشکل ہے کہ آپ ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں اس کے بعد آپکو چار روزہ میچ کھیلنا پڑے جس کے بعد آپکو دوبارہ ٹی ٹونٹی کھیلنا پڑے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے سب کچھ ایڈ جسٹ کرنا پڑتا ہے لیکن آفیشلز کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہئے۔ آفریدی نے اس موقع پر بٹلر کی بات دہرائی کہ اس ٹورنامنٹ کو ایک ماہ میں ختم ہونا چاہئے۔آفریدی اور دوسرے کرکٹروں کی جانب سے تنقید کے بعد اب انگلش کرکٹ میں بھی ہلچل کا امکان ہے۔۔