نئی دہلی(این این آئی)بھارتی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان روس سے جنگی ہیلی کاپٹر خریدنا چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ دو ماہ کے دوران ان دونوں ملکوں میں کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ قبل ازیں روس نے پاکستان کو اسلحے کی فروخت پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔بھارتی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان، روس سے ایم آئی 35 جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور روس نے گزشتہ برس اگست میں یہ معاہدہ کیا تھا کہ وہ ان جنگی ہیلی کاپٹروں سے متعلق مذاکرات کا آغاز کریں گے اور سرد جنگ کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے مابین دفاعی نوعیت کا یہ پہلا بڑا معاہدہ تھا۔رپورٹ کے مطابق روس اور امریکا کے مابین سرد جنگ اور اسی کی دہائی میں افغان جنگ کے بعد روس نے امریکا کے اتحادی پاکستان کو کسی بھی قسم کے فوجی ہتھیار بیچنے پر پابندی عائد کر دی تھی لیکن ان دونوں ملکوں کے مابین دفاعی تعلقات میں بہتری سن 2014 سے آنا شروع ہوئی ہے۔ 2014 کے مہینے نومبر میں ان دونوں ملکوں نے دو طرفہ دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات میں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔