کراچی ماضی کے شہرت یافتہ فاسٹ بولر شعیب اختر نے مصباح الحق کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے آخری ورلڈ کپ میں دلیروں کی طرح کپتانی کریں۔ ہار سے نہ ڈریں اور دلیرانہ فیصلہ کرکے اپنے خلاف تاثر کو ختم کریں۔ زندگی میں یہ موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔ ایک انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ سر پر ہے کہ ابھی ہمیں اپنی پلاننگ نظر نہیں آرہی ہے اور یہ بھی نہیں پتہ کہ کون اوپننگ کرے گا۔ صہیب مقصود کو بھی اوپننگ کرانے کی باتیں ہورہی ہیں۔ لیکن مصباح کو مشورہ دوں گا کہ وہ فرنٹ سے لیڈ کرکے اپنے آخری ورلڈ کپ کو اپنی کارکردگی سے یادگار بنائے۔ مصباح نے اگر چھی کپتانی کی اور کارکردگی دکھائی تو تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ شعیب اختر نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ عین ورلڈ کپ سے پہلے اپنی ٹیم پر دباﺅ ڈالے اور نتائج کا انتظار کرے۔ اگر ٹیم کی کارکردگی خراب رہتی ہے تو پھر ضرور اس کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مزید چانس دیا جائے۔ ایک دو میچوں کی کارکردگی پر سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے کی باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں۔