فیصل آباد(آئی این پی) مسلم لیگی کارکنوں کا تحریک انصاف کے یوسی چیئرمین عتیق الرزاق کے دفتر پر حملہ، دو افراد زخمی ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد کے علاقے منصورہ آباد میں تحریک انصاف کے سٹی کونسل 47 سے منتخب ہونے والے چیئرمین عتیق الرزاق دو افراد کے ہمراہ لیگی رہنما لکی شاہ کے دفتر کے باہر سے جارہے تھے کہ اچانک تنازعہ شروع ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق تنازعے نے ا±س وقت شدت اختیار کی کہ جب چیئرمین کے ساتھ چلنے والے افراد نے ہوائی فائرنگ شروع کردی، جس پر مخالف جماعت کے کارکنان کی بڑی تعداد نے حملہ کردیا۔جھگڑا شروع ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد نے چیئرمین کے ملازمین پر ڈنڈوں سے وار کیا، جس کے نتیجے میں دو افراد طفیل اور ولی خان زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی جس کے باعث حملہ آور گاڑی چھوڑ کر بھاگنے پر مجبو ہوگئے، اس موقع پر مشتعل افراد نے حملہ آوروں کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچایا، پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر صورتحال کو قابو کرلیا ہے۔پولیس حکام کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد مظاہرین جمرا روڈ سے منتشر ہوگئے۔