کوئٹہ(این این آئی )سابق ایس ایس پی ڈی پی او جعفر آباد شہید جہانزیب کاکڑ کے وارثان والد حاجی غلام سرور خان کاکڑ ، حاجی عبداللہ خان کاکڑ، حاجی جان محمد کاکڑ، عبدالرحمان کاکر ، حاجی عزیز الرحمان کاکڑ، ڈاکٹر عالم زیب کاکڑ، حاجی محمد حنیف کاکڑ ، سردارعبدالرشید کاکڑ، حاجی زین الدین کاکڑ، اور ہنہ اوڑک کے کاکڑ قبائل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہید جہانزیب کاکڑ کو قتل کرکے شہید کیا گیا ہے اس نے کوئی خود کشی نہیں کی ہے انہیں کسی قسم کی ذاتی ٹینشن نہیں تھی وہ ایک فرض شناس آفیسر تھا۔ انہوں نے سرکاری ذرائع سے جاری کردہ خود کشی کے بیان کو انتہائی دکھ و درد کے ساتھ مسترد کیا ۔ ہم نے انہیں پھول کی طرح پالا تھا ہمارے بیٹے نے دلیری سے ملک وقوم کی حفاظت میں اپنی جان گنوادی لیکن انکا ہمیں یہ صلہ ملا کہ ان پر خود کشی کا الزام لگایا گیاکہ وہ خونین ہاتھ محفوظ رہیں۔ جو شہید کو اپنے ظلم و بربریت کے راستے میں رکاوٹ سمجھتے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ دوران قبل بھی شہید نے ایک خطر ناک گینگ پر ہاتھ ڈالا تھا۔ انہوں نے آئی جی پولیس و حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ ہمارے زخموں پر مرہم رکھتے ہوئے فوراً اعلیٰ سطح پر انکوائری کا حکم دیں۔اور مشکوک افراد کو فوراً انکوائری سے الگ کریں تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور ہم قاتلوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔