لاہور (این این آئی) پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم نواز شریف سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پنجا ب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی ۔قرار داد پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید ، پیپلز پارٹی کے سردار شہاب الدین ، مسلم لیگ (ق)کے سردار وقاص حسن اور تحریک انصاف کے محمد سبطین خان نے جمع کروائی ۔قرار داد کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی قومی اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کے دوران اپوزیشن کی طرف سے پانامہ لیکس کے حوالے سے اٹھائے گئے سات سوالات کے جوابات دینے میں بری طرح ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان فوری طور ہر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں ۔