حیدرآباد(این این آئی) پاک سر زمین پارٹی کے رہنما سیدمصطفی کمال نے کہا ہے کہ وطن پرستی کا قافلہ اب رکنے والا نہیں ہے۔ پرامن ریلی پر حملے اورکارکنوں کوزخمی کرنے سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔وہ حیدر آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر کے باہر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔مصطفی کمال نے کہاکہ ان کا مقابلہ شیطان سے ہے۔شیطان کا کام ہی ورغلا نا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سربلندی کاپرچم تھاما ہے ، منزل پر پہنچ کر دم لیں گے۔دوسری جانب حیدر آباد میں ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان کے درمیان مختلف مقامات پر تصادم ہوا۔ جس کے دوران دونوں پارٹیوں کے 8 سے زائد کارکن زخمی ہو گئے۔حالی روڈ پر پاک سر زمین پارٹی کے پرچم کشائی کے موقع پر ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔ ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں پاک سرزمین پارٹی کے 3 کارکن زخمی ہو گئے۔ پاک سرزمین پارٹی کی ریلی ایم کیو ایم کے زونل آفس پہنچی تو وہاں موجود ایم کیو ایم اور پاک سر زمین پارٹی کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی اور فائرنگ کی۔ جس کے نتیجہ میں ایم کیو ایم کے 5 کارکنان زخمی ہو گئے۔ جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔