لاہور ( این این آئی) پنجا ب کا صوبائی بجٹ ،تاریخ اورتنخواہوں کا فیصلہ ہوگیا،وفاق کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے فیصلہ کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت بھی کوئی فیصلہ کریگی،پنجا ب حکومت نے مالی سال 2016-17ء کا صوبائی بجٹ 10جون بروز جمعہ کو پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کا بجٹ 10جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے بھی محکمہ خزانہ پنجاب کی تجویز پر توثیق کردی ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بجٹ عوام دوست ہوگا اورکوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا ۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں متوقع اضافہ سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خاں کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے فیصلہ کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت بھی کوئی فیصلہ کرے گی۔