کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اہل سنت و الجماعت کے سربراہ مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ مولانا اورنگزیب فاروقی حملے میں محفوظ رہے۔ کراچی کے علاقے قائد آباد کے پل کے قریب اہل سنت والجماعت کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ ہوا۔اہل سنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق حملے میں اورنگ زیب فاروقی محفوظ رہے تاہم ان کے تین محافظ زخمی ہوئے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مولانااورنگزیب فاروقی قائد آباد سے ناگن چورنگی جارہے تھے کہ مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق نامعلوم ملزمان نے پل کے اوپر سے اہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی پر فائرنگ کی۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ واقعہ میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مولانا اورنگزیب فاروقی پر حملے کے جاتے رہے ہیں۔25 دسمبر 2012 کو مولانا اورنگزیب فاروقی پر ہونے والے قاتلہ حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے ، جن میں ان کا ذاتی محافظ اور ڈرائیور شامل تھا جبکہ مولانا اورنگزیب فاروقی کو بھی گولیاں لگی تھیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں