سڈنی(نیوزڈیسک) آسٹریلیا میں پولیس نے 16 سالہ نوجوان پر دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اینزیک ڈے کی تقریبات کے موقعے پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق 16 سالہ نوجوان سڈنی میں صبح کے وقت منعقد ہونی والی ایک تقریب پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ انھوں نے اسے آبرن شہر کے مضافات میں اس کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق وہ تنہا کام کر رہا تھا تاہم انھوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں ٗتقریبات بغیر کسی واقعے کے منعقد کی گئیں اور ان میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں سابق فوجی بھی شامل تھے۔وزیر انصاف مائیکل کینان نے کہا کہ ملزم کی عمر تشویش ناک ہے لیکن یہ کوئی حیرت کی بات نہیں۔انھوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے جو ہم دیکھ رہے ہیں وہ ایک زنجیر کی کڑی ہے جس میں نوجوانوں کو دہشت گردی پر اکسایا جاتا ہے۔