سرینگر (نیو زڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ محبت رکھتے ہیں اوربھارت اپنی تمام تر دولت لٹانے کے باوجود اس محبت کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے اسلام آباد کے علاقے کھنہ بل میں اپنی پارٹی نیشنل کانفرنس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں لوگ پاکستان کے ساتھ محبت کرتے ہیں اور اگر بھارت اپنے تمام خزانوں کے منہ کھو ل دے گا پھر بھی وہ کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو مٹا نہیں سکتا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ مراعات کے ذریعے کشمیریوں کو خرید سکے گاتو وہ غلطی پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو جتنا دبایا جائے گا اتنی پاکستان کے ساتھ انکی محبت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کرنے چاہئیں۔