اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف برطانوی ہائی کمیشن کو خط لکھا گیا ہے جس میں تحریک انصاف نے برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی حکومت الطاف حسین کی غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس لے۔پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کی جانب سے کھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں جبکہ وہ پاکستان میں نفرت اور اشتعال کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الطاف حسین اور ان کی جماعت پاکستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں جبکہ الطاف حسین کی ہدایات پر ان کی جماعت مسلح ونگ ، بھتہ خوری اور قتل کے اقدامات میں ملوث ہے جبکہ سانحہ بلدیہ بھی ایم کیو ایم کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں پیش آیا تھا۔ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے الطاف حسین پر الزام لگایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی سینئر رہناءزہرہ شاہ اور صحافی ولی خان بابر کے قتل میں بھی ایم کیو ایم ملوث ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے برطانوی ہائی کمیشن کو کہا گیا ہے کہ الطاف حسین پاکستان میں پرتشدد کاروائیوں میں ملوث ہیں اوور حکومت برطانیہ اپنے شہری کے خلاف قانونی کاروائی کرے۔شیریں مزاری نے تحریک انصاف کی جانب سے بھیجے گئے خط کے ساتھ سکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔