اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ماریشیس کی صدر ڈاکٹر بی بی آمنہ فردوس پاکستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر (کل اتوارکو اسلام آباد پہنچے گی ۔جمعہ کویہاں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ماریشیس کی خاتوں صدر ڈاکٹر بی بی آمنہ 9رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر 17 اپریل اتوار کو اسلام آباد پہنچیں گی۔دونوں ملکوں کے سربراہان باہمی دلچسپی سمیت علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔ملاقاتوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سمیت معیشت اور تجارت کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور زیر بحث آئیں گے ۔ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین اعلی سطح پر رابطوں کو بحال کرنے کا موقع بھی فراہم کریگا۔صدر ممنون حسین ڈاکٹر آمنہ فردوس اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دینگے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال،وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ماریشیس کی صدر سے ملاقاتیں کرینگے۔ڈاکٹر آمنہ کراچی کا بھی دورہ کریں گی جہاں گورنر سندھ،چیئر مین ٹی ڈی اے پی اور ایف پی سی سی آئی کیسا تھ ملاقاتیں ہوں گی۔ ماریشس کی صدر مزار قائد اعظم پر بھی حاضری دیں گی۔ بعد ازاں وہ کراچی یونیورسٹی کا دورہ کریں گی۔