چار سدہ (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو کسی صورت پٹڑی سے اتارنے کے حامی نہیں ٗ24 اپریل کواسلام آباد میں دھرنا نہیں یوم تاسیس ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما شاہ محمود قریشی نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس پرقومی وطن پارٹی اورہمارا مؤقف یکساں ہے، مسئلہ صرف وزیراعظم کا نہیں بلکہ 250 لوگوں کا ہے جن کے نام پاناما لیکس میں آئے، جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کا نہ ہمارا مقصد تھا اورنہ ہے، عوام جاننا چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کی حقیقت کیا ہے جس کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں بااختیارتحقیقاتی کمیشن بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل کرنے کے حامی نہیں،24 اپریل کواسلام آباد تحریک انصاف کا دھرنا نہیں بلکہ یوم تاسیس ہوگا اور ایف نائن پارک میں جلسے کے بعد پرامن طور پر منتشر ہوجائیں گے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ وزیراعظم کے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی قدرکرتے ہیں، پاناما لیکس منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم اپنے خطاب میں قوم کو قائل نہ کرسکے اور اب اس معاملے پرعوام تک بھی جانا پڑا توغیرآئینی راستہ اختیارنہیں کرینگے۔