لاہور (نیوزڈیسک) سنی اتحادپاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامدرضا نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے حکمران خاندان کی اخلاقی و سیاسی ساکھ ختم کر دی ہے،حکومت مخالف تحریک کی کامیابی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس ضروری ہے،نوازشریف حکیم زرداری سے سیاسی نسخے لینے لندن گئے ہیں، پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے با اعتبار اور با اختیار کمیشن بننا چاہیے ،کرپشن کے خاتمے کیلئے بھی ضرب عضب کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف، مسلم لیگ ق ، جے یو پی، پاکستان عوامی تحریک اور مجلس وحد ت مسلمین کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جمہوریت اور اقتدار کو لوٹ مار کا ذریعہ بنانے والے قومی مجرم ہیں۔ لوٹ کھسوٹ کے نظام پر جمہوریت کا لیبل لگا دیا گیاہے۔پاکستان کی تقدیر کے فیصلے لندن میں ہونا بد قسمتی ہے۔حقیقی جمہوریت میں حکمران احتساب سے بالاتر نہیں ہوتے۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کا ساتھ نہ چھوڑا تو پی پی سندھ میں بھی ختم ہو جائے گی ۔ بار بار اقتدار میں آنے والے سد ابہار حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا ہے۔حکومت ہٹاؤ تحریک کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے باہمی رابطے خوش آئند ہیں۔ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔حکومت پاک سرزمین پر را کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے۔پاکستان میں بھارتی مداخلت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے۔قوم پانامہ لیکس پر از خود نوٹس کیلئے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔سیاست کو اخلاقیات کے تابع کر نا ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پانامہ لیکس قومی خیانت کا معاملہ ہے اس لئے اس کو سرد خانے میں نہیں ڈالنے دیں گے۔کرپٹ حکمرانوں سے نجات میں ہی قوم کی بھلائی ہے۔خود احتسابی نا گزیر قومی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان کی مالی بد عنوانیاں بے نقاب ہو چکی ہیں۔