کوئٹہ(نیوزڈیسک) سکیورٹی فورسز نے سنیپ چیکنگ کے دوران تین خودکش بمباروں کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹس اور جیکٹس بنانے کا سامان برآمد کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تینوں خودکش بمباروں کی عمریں 18 سے 22 سال کے درمیان ہیں اور وہ چمن کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ مبینہ طور پر خودکش بمبار چمن سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان لے کر کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر رکشے میں جارہے تھے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ایک ناکے پر انہیں روک لیا۔ دوران تلاشی ایک بمبار سے مہاجر کارڈ برآمد ہوا جس پر پولیس نے رکشہ کی تلاشی لی جس میں سے خودکش جیکٹس بنانے کا سامان برآمد ہوا۔ موقع پر ہی پوچھ گچھ کرنے پر ایک بمبار نے دبے لفظوں میں اقرار کیا کہ وہ تینوں ہی خودکش بمبار ہیں اور جیکٹس بنانے کا سامان لے کر شیر جان سٹاپ جارہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے تینوں خودکش حملہ آوروں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔