لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کے بعد پنجاب کی صدارت کے امیدوار چوہدری سرور خان نے بھی عمران خان کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی کرنے کے اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی کرنے سے قبل میرے اور شفقت محمود کے ساتھ مشاورت کرنی چاہیے تھی۔وہ پیر کونجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کو چاہیے تھا کہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کرنے پر شفقت محمود اور مجھ سے مشورہ کرتے شفقت محمود جرات کرتے اور جو اعتراض تھا وہ عمران خان کے سامنے کہہ دیتے ۔ چوہدری سرور نے کہا کہ میں نے عمران خان سے کہا کہ مجھے پاکستان کا آرگنائزر توآپ نے بنا دیا جبکہ چار ڈویژن شاہ محمود قریشی کو دے دیے۔پارٹی الیکشن میں کمزوریاں تھیں تو میرا ،شفقت محمود اور شاہ محمود کا احتساب ہونا چاہیے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ پارٹی کے اہم معاملات ٹویٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے نہیں بلکہ بیٹھ کر بات چیت سے حل کئے جاتے ہیں ۔