لاہور (نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ زراعت کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبہ بھر کے غریب کاشتکاروں کو خصوصی کسان پیکیج کے تحت زرعی آلات پر 50فیصد سبسڈی فراہم کررہی ہے جبکہ آئندہ بجٹ میں کاشتکاروں کوقرعہ اندازی کے ذریعے گرین ٹریکٹر دینے کی سکیم پر بھی غور کیا جارہاہے۔ انہوں نے یہ بات تحصیل فتح جنگ اور پنڈی گھیب کے قرعہ اندازی میں زرعی آلات جیتنے والے کاشتکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ زرعی شعبے میں انقلاب صرف اور صرف کسان برادری کی خوشحالی اور درپیش مسائل کے حل کے ذریعے سے ہی لایا جاسکتا ہے۔ حکومت پنجاب زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے کاشتکار بھائیوں کی بھرپور مشاورت سے ٹھوس اور دور اس اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے 50فیصد سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی حکومت پنجاب کا ایک قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران اور اہل کار حکومتی اقدامات کے ثمرات کاشتکاروں تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کریں اور زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال اور آگہی پر مبنی کسان رابطہ مہم کو مزید فعال بنائیں۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں کاشتکاروں کوقرعہ اندازی کے ذریعے گرین ٹریکٹر دینے کی سکیم پر بھی غور کیا جارہاہے۔ یونین کونسل کی سطح پر بھی قرعہ اندازی کے ذریعے دور دراز علاقے کے کسانوں بھی ٹریکٹرز فراہم کئے جائیں گے۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ زرعی ماہرین کسانوں کے تجربات سے استفادہ کریں اور ان سے بھرپور مشاورت کے بعد ہی بارانی علاقوں کو کھاد، بیج، زرعی آلات کی فراہمی و دیگر ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔ اس موقع پر فتح جنگ وپنڈی گھیب کی ضلعی انتظامیہ کے افسران اور علاقائی نمائندے بھی موجود تھے۔