کراچی (این این آئی)منی لانڈرنگ کی تحقیقات ،حکومت کا انٹیلی جنس ادارے کی تجاویزپر بڑے اقدام کا فیصلہ، وزارت قانون نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے اہم انٹیلی جنس ادارے کو منی لانڈرنگ کیسز کی تحقیقات کااختیاردینے پرغورشروع کردیاہے۔انٹیلی جنس ادارے کوتحقیققات کااختیاردینے کے لئے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں بھی ترمیم کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے سفارش کی ہے کہ ملک کے طاقتور انٹیلی جنس ادارے کو منی لانڈرنگ کے کیسوں کی تحقیقات اور کارروائی کا اختیار دیا جائے اور اس کے لئے جلد از جلد اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں مزید ترمیم کی جائے۔ انٹیلی جنس ادارے کو اختیار دینے کا مقصد منی لانڈرنگ کے ذریعے دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کے ساتھ مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی بھی کرنا ہے۔وزارت دفاع کی سفارش کی روشنی میں وزارت قانون نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں مزید ترمیم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس ادارے کو منی لانڈرنگ کے کیسوں کی تحقیقات کا اختیار دینے کی حتمی منظوری وزیر اعظم سے لی جائے گی ۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں مزید ترمیم کے لئے پارلیمنٹ سے رجوع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سپر ماڈل ایان علی کے کرنسی اسمگلنگ کیس کی تحقیقات میں شامل کرنے اور ماڈل تک رسائی دینے کے لئے اس انٹیلی جنس ادارے نے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ سے رجوع کیا تھا۔