لاہور(نیوزڈیسک)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفی کمال نے اپنی پارٹی کو پنجاب میں بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میںلاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے نزدیک پارٹی کے صوبائی دفتر کےلئے جگہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پنجاب کی صوبائی اور ضلعی قیادت بڑی تعداد میں اپنی جماعت کو خیر باد کہہ چکی ہے اور ایم کیو ایم پنجاب کو خیر باد کہنے والے عہدیداران مصطفی کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں ان کی لاہور آمد کے موقع پر شمولیت کا اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن مبین الدین قاضی سمیت پنجاب کی قیادت نے اپنے استعفے اسٹامپ پیپرپر لکھ کر نائن زیرو بھجوا دئیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفی کمال کراچی کے جلسے کے فوری بعد اسی ماہ کے آخر میں لاہور کا دورہ کریں گے۔مصطفی کمال کے دورہ سے قبل پنجاب کے صوبائی دفتر کےلئے لاہور میں ائیر پورٹ کے قریب جگہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ علامہ اقبال روڈ،گلشن راوی،،جیل روڈ اور جوہر ٹاﺅن کے علاقوں میں لاہور کے ضلعی دفتر کے علاوہ رابطہ دفاتر بھی قائم کئے جائیں گے۔