لاہور(نیوزڈیسک )بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے بھارت سے سکھ یاتری (کل) منگل واہگہ کے راستے پاکستان آئیں گے جبکہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے مجموعی طور پر 25ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے ۔پاکستان متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے سکھ یاتریو ں کی پاکستان آمد کے سلسلہ میں سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔سکھوں کی تمام تقریبات نانک شاہی کیلنڈر کے مطابق منائی جاتی ہیں جبکہ بیساکھی کی مرکزی تقریب 14اپریل کو پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہوگی ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کے مطابق بیساکھی میلے میں بھارت سمیت دیگر ممالک سے 25ہزار کے قریب یاتریوں کی آمد متوقع ہے جبکہ ویزوں کا سلسلہ 11اپریل کی رات تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ بھار ت کے علاوہ یوکے ، کینیڈا، ملائشیا، فرانس و دیگر ملکوں سے بھی سکھو ں کی بڑی تعداد بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کرے گی۔