کراچی(نیوزڈیسک)قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 میں الیکشن سے کچھ گھنٹے قبل ایم کیو ایم میں شامل ہونے والے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار امجد اللہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے پر ایم کیو ایم کی جانب سے دباﺅ تھا۔جمعرات کو تحریک انصاف کے رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت امجداللہ کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے نے ایم کیو ایم میں شمولیت سے پہلے کوئی مشورہ نہیں کیا لیکن ایسا انھوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے دباﺅ کی وجہ سے کیاہے۔تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ امجد اللہ گزشتہ رات 9 بجے سے ہی غائب تھے اور ان کا یہ الزام بھی درست نہیں کہ عمران خان نے انھیں ٹائم نہیں دیا کیونکہ عمران خان نے ان کے انتخابی جلسوں کے دوران ٹیلی فونک خطاب کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ امجد اللہ کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کی اصل وجہ تو وہ خود ہی بہتر طریقے سے بتا سکتے ہیں لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ انھوں نے بہت اچھا کیا کہ انتخاب سے پہلے ہی پارٹی چھوڑ دی۔واضح رہے کہ این اے 245 میں آج ہونے والے ضمنی انتخاب سے چند گھنٹے قبل ہی تحریک انصاف کے نامزد امیدوار امجد اللہ نے نا صرف ایم کیو ایم کے امیدوار میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا بلکہ ایم کیو ایم میں شمولیت بھی اختیار کر لی۔