لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں گلشن اقبال پارک کو سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کر کے10روز کے بعد عوام کے لئے جزوی طور پر کھول دیا گیا ،واک اور جاگنگ کرنے والوں کے لئے صرف ٹریک کھولا گیا ،بم دھماکے کی جگہ ،پلے ایریا سکیورٹی کلیئرنس تک بند رہے گا ۔تفصیلات کے مطابق اقبال ٹاؤن میں واقع گلشن اقبال پارک کو دھماکے کے بعد عوام کے لئے بند کر دیا گیا تھا ۔ تاہم اب 10روز گزرنے کے بعد پارک کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے ۔مرمت اور بیرونی دیواروں کو بلند کرنے کے بعد پارک میں واک اور جاگنگ کرنے والوں کے لئے صرف ٹریک کو کھولا گیا ہے تاہم بم دھماکے کی جگہ اور پلے ایریا سکیورٹی کلیئرنگ تک بند رہے گا ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارک صبح 6بجے سے رات 10بجے تک عوام کیلئے کھلا رہے گا ۔اس کے علاوہ پارک کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے گیٹ نمبر 1اور 4لوگوں کے داخلے کیلئے مختص کئے گئے ہیں جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات ہو نگے ۔ پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ داخلی اور خارجی دروازوں پر واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ میٹل ڈیٹکٹرسے بھی لوگوں کی تلاشی لی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارک کے اندر بھی پولیس اور سکیورٹی کا عملہ تعینات ہو گا ۔واضح رہے کہ 27اپریل کو گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 75سے زائد افراد جاں بحق اور 300کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔