کراچی (نیوزڈیسک)ایدھی فاﺅنڈیشن نے شہرمیں ممکنہ ہیٹ اسٹروک خدشے کے باعث ایدھی قبرستان میں300قبریں تیارکروالی جبکہ ایدھی سردخانے میں نعشیں رکھنے کی گنجائش میں 100فیصد میں اضافہ کردیا ہے۔ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے جاں نشین فیصل ایدھی نے میڈیا کوبتایا کہ گزشتہ سال شہرمیں ہیٹ اسٹروک سے ہزاروں شہری ہلاک ہوئے تھے اس دوران ایدھی سردخانے میں نعشیں رکھنے کی گنجائش نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے اس باربھی ہیٹ اسٹروک کاخدشہ ظاہر کیا ہے اورموسم تبدیل بھی ہوناشروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ جمعہ کے کے روزہیٹ اسٹروک سے 5افراد بے ہوش ہوئے تھے اور2افراد ہلاک ہوئے۔ صورتحال کاجائزہ لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پرمواچھ گوٹھ میں واقع ایدھی قبرستان میں300قبریں تیارکروائیں ہیں اورایدھی سردخانے میں جہاں200میتوں کی گنجائش تھی وہ بڑھا کر350سے زائد میتیں رکھنے کی گنجائش کروادی ہے۔ فیصل ایدھی نے بتایا کہ ایدھی فاﺅنڈیشن نے 60میتوں کی گنجائش والاموبائل کنٹینرتیار کروایاہے جورواں ہفتے کراچی پہنچ جائے گاجبکہ شہرمیں مزید 3نئے سردخانے قائم کرنے کیلئے بھی سروے کیاجارہا ہے۔ فیصل ایدھی نے بتایا کہ ہماری دعا ہے کہ ایدھی قبرستان میں جوقبریں تیار کی ہیں ان کی ضرورت نہ پڑے اورشہرمیں ہیٹ اسٹروک بھی نہ ہولیکن گزشتہ سال جس طرح سے اموات ہوئی تھیں قبرستانوں میں گنجائش نہیں تھی۔ غریب افراد کیلئے تدفین بھی ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔