اسلام آباد (نیوزڈیسک) سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی تاریخ کشیدہ ہے اور اس لئے پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے معاملے سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے اپنے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے دورہ پاکستان کو ملتوی کر دیا ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد کو آگاہ کر دیا ہے۔ وہ اتوار کو پاکستان پہنچنے والے تھے۔ انہوں نے اپنی مصروفیات کو دورے کے ملتوی ہونے کی وجہ قرار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات سے جڑا نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان دونوں اسلامی ملکوں کے درمیان مصالحتی کردار ادا کر سکتا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ دونوں اس حوالے سے مطالبہ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے حالات کے حوالے سے پاکستان کو تشویش ہے۔