لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کوایشین ٹائیگر بنانا چاہتے ہیں جسکے لیے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں‘ (ن) لیگ کی حکومت ملکی معیشت کے استحکام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اپنے ایک انٹر ویو میں ہارون اختر نے کہا کہ ہماری حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو زرمبادلہ کے ذخائر 11 بلین ڈالر تھے جو کہ اب اضافے کے بعد 21 بلین ڈالر سے بھی تجاوز کرگئے ہیں جو کہ ملکی تاریخ میں ریکارڈ ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ حکومت کے معاشی پالیسیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں ہارون اختر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے لیا گیا پیسہ گزشتہ حکومتوں کے قرض اتارنے میں استعمال ہوا ہے‘ عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کی ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی کوششوں کا نتیجہ ہی ہے کہ چین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی شکل میں46 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کا اعلان کیا جس سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔