اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا ، کہتے ہیں کہ سندھ وفاق کے ساتھ اتحاد سے چلنا چاہتا ہے ، باہمی تعاون اوراتحاد ہو گا تو دہشت گردوں کے خلاف زیادہ موثر کارروائی ہو گی ۔لاہور میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق سے ہمیشہ تعاون کیا امید ہے کہ وفاق بھی سندھ کے نقطہ نظر کو نظر انداز نہیں کرے گا ۔سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی اب چوہدری نثار کراچی آ رہے ہیں انکے ساتھ تمام ایشوز پر بات ہو گی ۔وزیر اعلی سندھ نے واضح کیا کہ کراچی میں رینجرز کو اس وقت رکھنا چاہتے ہیں جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوتا ۔ رینجرز کو چار معاملات میں کارروائی کا مینڈنٹ اور اختیار دینا چاہتے ہیں تو رینجرز اسی کے مطابق کارروائی کریں تاہم انہی نکات پر وزیر داخلہ چوہدری نثار سے بات ہو گی ۔ وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ پنجاب سے داعش کے لوگ پکڑے جانے کی خبریں میڈیا میں دیکھی ہیں ۔ داعش اور دہشت گرد جہاں بھی ہوں انکے خلاف موثر کارروائی ہونی چاہیے ۔