پٹھان کوٹ(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست پنجاب کے پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران دھماکے ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل ہلاک ہوگئے ہیں۔بھارتی سرکاری نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پٹھان کوٹ ایئر بیس میں سرچ آپریشن کے دوران این ایس جی کے بم ڈسپوزل سکواڈ میں شامل لیفٹیننٹ کرنل نرنجن اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ ایک بم کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔پی ٹی آئی کے مطابق کرنل نرنجن کے علاوہ گذشتہ روز زخمی ہونے والے تین مزید سکیورٹی اہلکار بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے ہیں۔پٹھان کوٹ میں ہونے والے حملے میں ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہو گئی ہیں جن میں چار حملہ آوروں سمیت سات سکیورٹی اہلکار شا مل ہیں۔ادارے نے سکیورٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ آٹھ سکیورٹی اہلکار زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔بی بی سی کے نمائندے نتن شریواستو نے پٹھان کوٹ سے بتایا کہ سنیچر کو پٹھان کوٹ میں ہونے والے حملے کے بعد علاقے میں اب بھی سرچ آپریشن جاری ہے اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں تو فلحال کسی قسم کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں تاہم بھارت کی جانب سے ایسے اشارے ملے ہیں کہ حملہ آوروں کو پاکستان میں بعض عناصر سے تعاون حاصل تھا۔اس سے قبل بھی اس علاقے میں شدت پسندانہ حملے ہوتے رہے ہیں جو کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا باعث بنتے رہے ہیں۔بعض حلقوں سے یہ بات بھی کہی جا رہی ہے کہ یہ حملہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش ہے۔دریں اثنا بھارتی دارالحکومت دہلی میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔