واہ کینٹ (نیوزڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی مانیٹرنگ خود وزارت داخلہ کر رہی ہے، آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے گی واہ کینٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا۔ 28 اگست کو ایم کیو ایم نے ہی آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔ وزارت داخلہ آپریشن کی خود مانیٹرنگ کررہی ہے۔ آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے گی ۔ متحدہ اور پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملکی حالات میں بہتری آئی ہے۔ 2013ء اور آج کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ دو سال قبل کوئٹہ سنسان شہر ہوا کرتا تھا۔ آج نوے فیصد پنجابی بلوچستان اور کوئٹہ واپس آچکے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم سے رینجرز کی تفتیش کی رپورٹ ان کے پاس ہے۔ کیس پر زیادہ بات نہیں کریں گے تاہم جو بھی ہوگا، قانون کے مطابق ہوگا۔