کوئٹہ۔۔۔۔انسداد دہشتگردی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں عدم پیشی پر سابق صدر پرویز مشرف سمیت 3 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی عدالت میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت نے استدعا کی کہ سابق صدر طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہوسکتے اس لئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر شدید برہمی کا اظہار کیا جب کہ مدعی جمیل اکبر بگٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے مختلف ٹی وی چینلز پر دیکھا ہے کہ وہ انٹرویو دیتے ہیں لیکن عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوتے۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد سابق صدر پرویز مشرف،سابق وفاقی وزیرداخلہ افتاب احمد خان شیرپاؤ اور صوبائی وزیرداخلہ شعیب نوشیروانی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ نواب اکبر بگٹی کے بیٹے جمیل اکبر بگٹی کی جانب سے 2009 میں مقدمہ درج کرایا تھا جس میں سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیرداخلہ افتاب احمد خان شیرپاؤ، صوبائی وزیرداخلہ شعیب نوشیروانی اور اس وقت کے گورنر اویس غنی کو نامزد کیا تھا۔