اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایف آئی اے نے سہولت میں اضافہ کردیا، پری ڈیپارچر فیسیلیٹیشن ڈیسک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق اقدام کا مقصد بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ ہونے سے متعلق مسائل سے بچانا اور سفر سے قبل ضروری رہنمائی فراہم کرنا ہے۔اس سے قبل خصوصی سہولت ڈیسک ایف آئی اے کے زونل آفس میں قائم تھا، تاہم مسافروں کو براہِ راست سہولت فراہم کرنے کے لیے اسے اب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منتقل کردیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نئے مقام پر ڈیسک قائم کرنے سے مسافروں کو روانگی سے پہلے ہی سفری تقاضوں، امیگریشن اور ضروری دستاویزات سے متعلق معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی، جس سے دستاویزی مسائل کے باعث سفر میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو کم کیا جاسکے گا۔
مسافر اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے قبل ایئرپورٹ پر موجود پری ڈیپارچر فیسیلیٹیشن ڈیسک سے براہِ راست رابطہ کرسکیں گے۔ وہاں پاسپورٹ، ویزا، سفری دستاویزات اور امیگریشن کے حوالے سے ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ایف آئی اے کے مطابق اس سہولت کا مقصد بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے لیے روانگی کے عمل کو زیادہ آسان، شفاف اور ہموار بنانا ہے تاکہ وہ غیر ضروری تاخیر یا مشکلات کے بغیر اپنا سفر مکمل کرسکیں۔



















































