لاہور( این این آئی)سول سرونٹس کے اثاثہ جات کے گوشوارے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جس کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایف بی آر کے تعاون سے نیا آن لائن نظام نافذ کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران اب اثاثوں کے گوشوارے دستی کے بجائے آن لائن جمع کرائیں گے، افسران کے گوشوارے جمع کرانے کیلئے ایف بی آر کا پورٹل بھی فعال کردیا گیا ہے۔ایوان صدر،وزیراعظم آفس اور تمام وزارتوں کو نئے ڈیجیٹل نظام سے آگاہ کردیا گیا ہے ،سرکاری افسران کو 30 اکتوبرتک اثاثوں کے گوشوارے آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ،جمع شدہ گوشواروں میں غلطی کی اصلاح کیلئے 30 نومبر تک مہلت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گوشوارے جمع کرانے کیلئے ایف بی آر پورٹل پر اکائونٹ بنانا لازمی ہوگا، اکائونٹ بنانے کیلئے افسران کو اپنا ذاتی ای میل ایڈریس فراہم کرنا ہوگا۔ایف بی آرسرکاری افسران کے اثاثوں کی رسک بیسڈ بنیادوں پرجانچ کرے گا،غلط بیانی یا معلومات چھپانے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اثاثوں کے گوشواروں کے منتخب غیرحساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے،گوشوارے جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔



















































