اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے غیر مجاز ایجنٹس اور اداروں سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے متحدہ عرب امارات، اٹلی اور پرتگال میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ شناختی کارڈ، نادرا اور پاسپورٹ سے متعلق خدمات فراہم کرنے کا دعویٰ کرنے والے ایسے افراد یا اداروں سے کسی قسم کا لین دین نہ کریں جو باقاعدہ طور پر مجاز نہیں ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق بعض غیر قانونی ایجنٹس شہریوں سے سرکاری فیس سے زیادہ رقم وصول کرنے کے علاوہ ان کی ذاتی اور شناختی معلومات کے غلط استعمال یا چوری میں بھی ملوث ہوسکتے ہیں۔
نادرا نے بیرونِ ملک پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات اور ذاتی معلومات کسی غیر مجاز فرد کے حوالے نہ کریں اور خدمات کے حصول کے لیے صرف متعلقہ سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔
پیغام میں مزید بتایا گیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف نادرا نے قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی ایسے افراد اور اداروں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



















































