جیکب آباد( آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ سندھ میں دہشت گردوں کا وجود نہیں البتہ سہولت کار ضرور موجود ہیں ، سندھ بھی وفاق کا حصہ ہے مگر وفاقی حکومت نے ہمدردی کا اظہار تک نہیں کیا جس سے دکھ پہنچا ہے۔سانحہ جیکب آباد کے شہدا کے ورثہ سے تعزیت کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ امن کی دھرتی ہے جہاں پر دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے ، انہوں نے کہا کہ واقعے کی ہر طرف سے تحقیقات کی جارہی ہے اور واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کی تمام قیادت الرٹ ہوگئی تھی اور ہمارے مقامی قیادت کے ساتھ رابطے تھے وزیر اعلیٰ سندھ بھی دوسرے دن جیکب آباد پہنچے اور متاثرین کے ساتھ دکھ میںشریک ہوئے ،انہوں نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ ضرور انصاف ہوگا۔