پشاور(نیوزڈیسک) پاکستان میں آنیوالے شدید ترین زلزلے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت امدادی سرگرمیوں کیلئے میدان میں آگئی ہے اور متاثرین کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کنٹرول روم کے تین ٹیلی فون نمبر جاری کردیئے ہیں جن پر کال کرکے آپ نقصانات کے بارے میں آگاہ یامدد کی درخواست کرسکتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بتایاکہ پوری طرح متحرک ہیں اور پورے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، ادویات کی کمی نہیں تاہم معاملات دیکھنے کے لیے وقت دیں ، حکومت کی جانب سے پیکج کا آغاز ہوگیا ہے اور متاثرین کو مفت طبی امداد دیں گے ۔اُنہوں نے کہاکہ وی آئی پی حضرات بھی اگر عیادت کے لیے آئیں تو ہسپتال سے باہر رہ کر بات چیت کریں تاکہ طبی معاملات میں کوئی پریشانی نہ ہو، پاکستان میں سب سے زیادہ خیبرپختونخوااور شمالی علاقہ جات متاثرہوئے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ تمام لوگوں کیلئے دعاگو ہیں ، شمالی علاقے زیادہ متاثرہوئے ہیں تاہم ایمرجنسی اقدامات کرلیے گئے ہیں ۔ ساتھ ہی اُنہوں نے پی ڈی ایم اے خیبرپختونخواکے کنٹرول روم کے تین ٹیلی فون بھی عوام کیساتھ شیئرکیے ہیں ۔