تہران (این این آئی)ایران میں انٹرنیٹ کی بندش دوسرے روز بھی جاری رہی، انٹرنیٹ کی بندش کے سبب شہریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ تاحال منقطع ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے بعد ایرانی حکام کی جانب سے نافذ کی گئی ملک گیر انٹرنیٹ بندش دوسرے روز جاری رہی۔
واضح رہے کہ ایران کے معزول بادشاہ کے جلا وطن بیٹے رضا پہلوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں عوام سے مزید احتجاج کی اپیل کی تھی، جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مظاہرین نے پہلوی خاندان کے حق میں نعرے بلند کیے۔ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں مشہد اور اصفہان میں مظاہرین سڑکوں پر جمع ہوئے اور نعرے بازی کی تھی۔بعدازاں ایرانی حکام نے تہران اور دیگر شہروں میں انٹرنیٹ سروس اور ٹیلی فون لائنیں منقطع کر دی تھیں۔خیال رہے کہ رضا پہلوی نے ا?ج سے 2 روزہ ہڑتال کی کال بھی دے رکھی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے معیشت کے اہم شعبوں، خصوصاً ٹرانسپورٹ، تیل و گیس اور توانائی سے وابستہ مزدوروں اور ملازمین سے ملک گیر ہڑتال شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔















































