اسلام آباد (این این آئی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے یونین کونسل میں اندراج کی سہولت سندھ کے مزید 2 شہروں تک بڑھا دی۔نادرا کے مطابق یہ سہولت سندھ کے کئی منتخب شہروں میں پہلے سے ہی دستیاب تھی تاہم اب اس کا دائرہ کار ٹنڈو الہٰیار اور جامشورو تک بڑھا دیا گیا ہے۔نادرا اس سہولت کو دیگر علاقوں میں متعارف کروانے کیلئے کام کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی یہ سروس پورے صوبہ سندھ میں دستیاب ہوگی۔ڈیجیٹل گورننس اور عوامی سہولت کیلئے نادرا نے ایک نیا خودکار نظام متعارف کروایا ہے جو پیدائش اور وفات کے اندراج کے عمل کو تیز، مؤثر اور شفاف بناتا ہے، یہ نظام صوبائی حکومتوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اقدام وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے اور یہ رجسٹریشن کی خدمات کو بہتر بنانے اور نظام سے نااہلی کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔














































