لاہور( نیوزڈیسک)حال ہی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ہم عمران خان سے کچھ نہیںلیں گے بلکہ بلوچستان میں میں پی ٹی آئی کو مضبوط کرینگے اور اسے پارلیمنٹ میں نمائندگی کے قابل بنائیں گے ،عزت دینے اور عزت لینے پر یقین رکھتے ہیں اورامید ہے کہ عمران خان سے یہ رشتہ قائم رہیگا ، آصف زرداری عزت دیتے ہیں لیکن پیٹھ میں چھرا بھی گھونپتے ہیں جبکہ نواز شریف کسی سے مل کر عزت دیتے ہیں اورنہ لیتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں یار محمد رند نے کہاکہ پی ٹی آئی ایک قومی پارٹی تصور کی جاتی ہے لیکن اس کی بلوچستان میں نمائندگی نہیںہے ۔ ہم عمران خان کا نام ، پارٹی اور پروگرام لیں گے اور آنے والے وقت میں یقینی طو رپر پی ٹی آئی بلوچستان میں مضبوط ہو گی اوراسے پارلیمنٹ میں نمائندگی بھی دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روایتی لوگ ہیں ہم عزت دینے اور عزت لینے پر یقین رکھتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میرا عمران خان کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ قائم رہے گا او رہم ساتھ رہیں گے۔ جہاں تک آصف زرداری اورنواز شریف کا سوال ہے تو آصف زرداری ایک سیاستدان کے ساتھ سندھ کے وڈیرے بھی ہیں وہ عزت دیتے ہیںلیکن اس کے ساتھ پیٹھ میں چھرا بھی گھونپتے ہیں۔ نواز شریف کسی سے ملتے نہیںاس لئے وہ کسی کو عزت دیتے ہیں اور نہ عزت لیتے ہیں۔