اسلام آباد (این این آئی)حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان دو اہم منصوبوں پر دستخط ہوگئے، ان میں 330ملین امریکی ڈالر مالیت کا سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن سٹرینتھننگ پراجیکٹ اور سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز)کی ٹرانسفارمیشن کا 400 ملین ڈالر کا پروگرام شامل ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے ایک قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار اور پاکستان میں اہم بنیادی ڈھانچے اور حکمرانی کی اصلاحات کے فروغ کیلئے اس کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن منصوبہ آنے والے پن بجلی کے منصوبوں سے 2,300میگاواٹ بجلی کی قابلِ اعتماد ترسیل کو ممکن بنائے گا، موجودہ ٹرانسمیشن لائنوں پر اضافی بوجھ کو کم کرے گا اور ہنگامی حالات میں نظام کی مضبوطی میں اضافہ کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری ملکیتی ادارے (ایس او ایز)کا ٹرانسفارمیشن پروگرام، ایس او ای ایکٹ 2023 اور ایس او ای پالیسی 2023 پر موثر عملدرآمد کو مضبوط بنائے گا، بالخصوص نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر توجہ دیتے ہوئے ادارہ جاتی و عملیاتی کارکردگی میں بہتری لائے گا۔ سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں اقدامات نوعیت کے اعتبار سے انقلابی ہیں؛ جہاں ٹرانسمیشن منصوبہ قومی گرڈ کی ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط بنا کر پاکستان کے توانائی کے مستقبل کو محفوظ بنائے گا، وہیں ایس او ای پروگرام ملک بھر میں سرکاری ملکیت کے اداروں میں شفافیت، کارکردگی اور پائیداری کو فروغ دے گا۔اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان اقدامات کے لیے حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم کو سراہا۔ انہوں نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں ٹرانسمیشن منصوبے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز)کی اصلاحات کا پروگرام پاکستان کے لیے ایک نہایت اہم ہے اور یہ حکومتِ پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔دونوں فریقوں نے فنانسنگ کو موثر طور پر استعمال کرنے اور دونوں منصوبوں کی کامیاب اور بروقت تکمیل کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔















































