اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کے خلاف انٹرپول کی جانب سے جاری کیا گیا ریڈ نوٹس منسوخ کر دیا گیا جس کے بعد انٹرپول نے ان کے خلاف تمام تحقیقات ختم کرنے کی باضابطہ تصدیق بھی کر دی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے زلفی بخاری کی حوالگی کے لیے جمع کرائی گئی درخواست کو انٹرپول نے مسترد کر دیا۔انٹرپول نے زلفی بخاری کے وکلا کو ارسال کیے گئے خط میں واضح کیا کہ پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ معلومات اور شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ریڈ نوٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تقریباً 2 سال قبل وزارت داخلہ نے مونس الٰہی اور زلفی بخاری کے خلاف ریڈ نوٹس کے اجرا کے لیے انٹرپول سے رجوع کیا تھا۔ زلفی بخاری پر بانی پی ٹی آئی کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کے مبینہ واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ جبکہ وہ القادر ٹرسٹ کیس میں بھی پاکستانی حکام کو مطلوب قرار دیئے جا رہے تھے۔اس سے قبل گزشتہ ماہ انٹرپول نے مونس الہٰی کے خلاف بھی ریڈ نوٹس منسوخ کرنے کی تصدیق کی تھی۔















































