واشنگٹن(نیوزڈیسک)افغان طالبان سے مذاکرات،پاکستان نے شرط عائد کردی،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی میں بھارت کے ریاستی عناصر ملوث ہیں اور یہی بات پاکستان نے امریکی حکام کو بتائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا افغان طالبان پر زور نہیں، تھوڑا بہت اثر ہے، اگر افغانستان تیار ہوا تو افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کریں گے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ریاستی عناصر ملوث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا نے کشمیر کو تنازعہ قرار دیا ہے، امریکا سے کولیشن سپورٹ فنڈ کے لیے بھی بات ہوئی ہے۔ دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں، افغانستان میں طالبان کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے، دوسری طرف بھارت کے ساتھ سرحد پر کشیدگی ہے، ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔