لاہور( نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی ( ورکرز) کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے ایک مرتبہ پھر پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کا کڑا احتساب کرنے اور شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف یہی نسخہ پیپلز پارٹی پارٹی کو دوبارہ پاﺅں پرکھڑا کرنے میں کارگر ثابت ہو سکتا ہے ، اپنی کوئی نئی جماعت نہیں بنائی بلکہ روٹھے ہوئے نظریاتی کارکنوں کیلئے پیپلز پارٹی کے اندر رہتے ہوئے انہیں ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ۔ ایک انٹر ویو میں ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں اور جو ایسا سمجھتے ہیں وہ بھول کا شکار ہیں۔ پیپلز پارٹی پر عوام اور کارکنوں کا حق ہے اور انشا اللہ وہی اس کا نام زندہ رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی مطالبہ کیا تھا اور آج دوبارہ اپنا مطالبہ دہرارہا ہوں کہ پیرا شوٹ کے ذریعے آ کر پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے ۔ پارٹی میں اوپر سے نیچے تک عہدوں کے لئے شفاف انتخابات کرائے جائیں اور پھر اس کے بعد وجود میں آنے والی پیپلز پارٹی کا کوئی بھی سیاسی طو رپر مقابلہ نہیں کر سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ امیدواروں کی شکست پر نوٹس لینے کی بات کر رہے ہیںجن کی پارٹی کے لئے کوئی خدمات ہی نہیں اور ایسے لوگ ہی پارٹی کے لئے زہر قاتل ہیں۔