اسلام آباد(نیوز ڈیسک) 9 محرم الحرام کے موقع پر اسلام آباد اور سندھ کے 5 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے جبکہ لاہور میں 10 محرم الحرام کو انٹرنیٹ سروس بند کی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ اور بدین میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس رات گیارہ بجے تک بند رہے گی جس کے بعد بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ پی ٹی اے نے واضح کیا کہ ان علاقوں میں تمام کمپنیوں کی انٹرنیٹ وائرلیس سروس بند کر دی گئی ہے تاہم براڈبینڈ سروس کو بند نہیں کیا گیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 10 محرم الحرام کے موقع پر لاہور میں بھی انٹرنیٹ سروس بند کی جائے گی۔