لاہور(نیوزڈیسک) لاہور کے حلقہ این اے 122کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار سردارایازصادق کو حلف لینے سے روکنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا گیا ۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران آرٹیکل دوسواٹھارہ کی سیکشن تین اور عوامی نمائندگی ایکٹ پر عمل درآمد نہیں کرایاگیا،ریٹرننگ آفیسر بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا،سردارایازصادق آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورانہیں اترتے۔درخواست میں مزید موقف اختیارکیا گیا کہ این اے 122ضمنی انتخاب میں 20ہزار کے قریب جعلی ووٹ کاسٹ کیے گئے،منظم اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی،سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیاگیا۔الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ سردارایازصادق کو حلف لینے سے روکا جائے۔