راولپنڈی(نیوزڈیسک)راولپنڈی کی مقامی انتطامیہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے 9اور 10محرم الحرام کو میٹرو بس سروس بندرکھنے کا اعلان کر دیا ہے جس پرمقامی شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے کہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 9اور 10محرم الحرام کو میٹرو بس سروس بند رہے گی۔ بس سروس کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کو شاں ہیں۔اسی سلسلے میں راولپنڈی میں بس سروس کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب شہریوں نے اس فیصلہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس کے لئے پہلے ہی انتہائی منظم حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اس لئے اس سروس کو بند کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا، انہوں نے وزیراعلیٰ سے اس کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں