اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم میاں نواز شریف پر لگائے گئے الزامات سے متعلق دانیال عزیز کی ویڈیو کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ایک اہم حکومتی شخصیت نے یہ ویڈیو ریکارڈ سے نکلوا کر پی ٹی آئی تک پہنچائی۔ دانیال عزیز جو کہ تیزی کے ساتھ وزیراعظم میاں نواز شریف کا قرب حاصل کررہے تھے ان کی پیش قدمی کو روکنے کیلئے یہ ویڈیو لیک کی گئی اور دانیال عزیز اس خلاف توقع سیاسی وار سے بہت زیادہ گھبراہٹ کا شکار نظر آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دانیال عزیز جو کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے بہت ہی بااعتماد سمجھے جاتے ہیں مسلم لیگ کے عقابی نگاہ رکھنے والے رہنماو¿ں کی سازش میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بیرون ملک روانگی سے قبل دانیال عزیز کو اپنی کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا تھا اور مریم نواز ان کی سپورٹر تھیں لیکن پھر 20اکتوبر کو ایک اہم حکومتی شخصیت نے بہت ہی ہوشیاری سے دانیال عزیز کی الزامات سے بھری ویڈیو پی ٹی آئی کو پہنچائی جو پہلے سوشل میڈیا پر لیک ہوئی اور پھر ایک ٹاک شو کی زینب بن گئی اور پچھلے کئی دنوں سے سرکار کی سرپرستی میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر تابڑ توڑ حملے کرنے والے دانیال عزیز اس ویڈیو کو دیکھ کر نہ صرف ہواس کھو بیٹھے بلکہ انہوں نے اینکر کو تنبیہ بھی کی کہ آپ عوام کو گمراہ کررہے ہیں وزیراعظم کے قریب رہنے والے وزراءنے اس ویڈیو کے ذریعے بیک وقت دو شکار کرلئے ہیں اول یہ کہ دانیال عزیز کی وزارت کی طرف بڑھتی ہوئی پیش قدمی کو روک دیا ہے اور دوسرا یہ کہ دانیال عزیز کا چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب کردیا کہ جو شخص کل تک نواز شریف پر الزامات لگا رہا تھا تاکہ پرویز مشرف کا اعتماد حاصل کرسکے اوراب وہی دانیال عزیز وزارت کیلئے میاں نواز شریف کی تعریف میں آخری حدوں سے گزر چکا ہے۔ دانیال عزیز نے گزشتہ روز حکومتی وزرائ کو اعتماد میں لئے بغیر امریکی سفیر سے ملاقات کی تھی اور اس حوالے سے جب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیز کا امریکی سفارتخانے جانا میرے علم میں نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر دانیال عزیز اپنا کیس مریم نواز کے ذریعے پیش کرینگے جبکہ مخالف گروپ بھی وزیراعظم کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کررہا ہے