اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور نے 24 ملین روپے کے کرپشن الزامات پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سابق چیف انجینئر علاﺅ الدین کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق محکمہ منصوبہ بندی و ترقی نے اہل فرموں اور سپلائرز سے مطلوبہ انجینئرنگ کی معیاری اشیاءکی خریداری اور فراہمی کے لئے صوبائی کمیٹی تشکیل دی تاہم سابق چیف انجینئر علاﺅ الدین نے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر اخبارات میں اشتہارات دیئے بغیر جعلی فرموں کو شارٹ لسٹ کیا اور اپنے عملہ کو ان جعلی فرموں سے خریداری کی ہدایت کی۔ 350 سٹیبلائزرز کی مہنگے داموں خریداری کر کے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ اس مقدمے میں درجنوں ایکسئن اور ایس ڈی اوز نے رضاکارانہ واپسی کے ذریعے لاکھوں روپے واپس قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت پشاور میں پیش کیا جائے گا۔