اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) ایپل اگلے سال تک اپنے متوقع فولڈایبل آئی فون کو لانچ کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے، جسے ماہرین اسمارٹ فون انڈسٹری میں ایک بڑی تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔غیر ملکی ذرائع کے مطابق بلومبرگ کے معروف تجزیہ کار مارک گرومین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نیا ماڈل دو آئی فون ایئر ڈیوائسز کو جوڑنے جیسا ڈیزائن رکھتا ہے اور اس کی تیاری میں انتہائی پتلی ٹائٹینیم چیسس استعمال کی گئی ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فولڈایبل آئی فون دراصل ایپل کے آئی فون ایئر سیریز پر کیے گئے تجربات کا نتیجہ ہے، جو اس ٹیکنالوجی کے لیے ایک ٹیسٹنگ پلیٹ فارم ثابت ہوا۔گرومین کا کہنا ہے کہ اس نئی ڈیوائس کی مینوفیکچرنگ زیادہ تر چین میں کی جائے گی، جبکہ اس کی تیاری کا کچھ حصہ دیگر مقامات پر بھی متوقع ہے۔
قیمت کے حوالے سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فولڈایبل آئی فون تقریباً 2 ہزار ڈالر میں دستیاب ہوگا۔ اس سے قبل رپورٹس میں اس کی قیمت کو اس سے بھی زیادہ بتایا گیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپل ممکنہ طور پر آئندہ سال کے اختتام پر آئی فون 18 سیریز کے ساتھ فولڈایبل ماڈل متعارف کرائے گا، جس کی ریلیز اکتوبر یا نومبر 2026 میں متوقع ہے جبکہ باضابطہ اعلان ستمبر 2026 میں کیا جا سکتا ہے۔ایپل کے نئے آئی فون ایئر، جو اس وقت کمپنی کی سب سے پتلی ڈیوائس ہے، کے حوالے سے iFixit کے ماہرین نے حال ہی میں جائزہ لیا ہے۔ ان کے مطابق اس فون میں نہ صرف انتہائی پتلا ڈیزائن ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مرمت اور دیکھ بھال کے لیے عملی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔